ژوب، غار سے 4افراد کی مسخ شدہ لاشیں برآمد

ژوب: ژوب میں ایک غار سے چار افراد کی مسخ شدہ لاشیں برآمد کر لی گئیں۔

لیویز کنٹرول ژوب کے مطابق بلوچستان کے ضلع ژوب سے 22 کلومیٹر دور سرکچ کے پہاڑی علاقے میں ایک غار سے لاشیں ملی، جنہیں نکال کر شناخت کے لیے ڈی ایچ کیو ہسپتال ژوب منتقل کیا گیا۔

تحصیلدار ژوب عصمت اللہ موسیٰ خیل کا بتانا ہے کہ مقامی گاؤں کے چرواہے کی اطلاع پر لیویز نے سرکچ کے پہاڑی علاقے میں ایک غار سے چار افراد کی لاشیں نکالیں۔ 

غار کو بڑے بڑے پتھر رکھ کر بند کیا گیا تھا، جب لیویز اہلکاروں کے ساتھ میونسپل کمیٹی کا عملہ غار کے اندر داخل ہوا تو معلوم ہوا کہ چار افراد کی لاشیں پڑی ہوئی ہیں، جن پر چونا اور مٹی ڈال کر دفن کیا ہوا تھا۔

تحصیلدار ژوب نے کہا کہ لاشیں ڈیڑھ سے دو ماہ پرانی اور ناقابل شناخت ہیں جبکہ لیویز نے واقعہ کا مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔