کورونا وائرس کے انتہائی تیزی سے پھیلنے والے ویرینٹ اومیکرون کے پیش نظر عالمی فضائی سفر میں رکاوٹ پیدا ہوئی ہے اور دنیا بھر میں ساڑھے چار ہزار سے زیادہ پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔
برطانوی نشریاتی ادارے نے فلائٹ ٹریکنگ ویب سائٹ ’فلائٹ اویئر ڈاٹ کام‘ کے حوالے سے بتایا کہ کرسمس سے ایک روز پہلے دنیا بھر میں فضائی کمپنیوں نے 2401 پروازیں منسوخ کیں حالانکہ عام طور پر ایسے موقعے پر زیادہ سفر کیا جاتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ تقریباً 10 ہزار سے زیادہ پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں، کرسمس والے دن دنیا بھر میں 1779 پروازیں مؤخر کی گئیں جب کہ 402 اتوار کے لیے ری شیڈول کی گئیں۔
واضح رہے کہ فرانسیسی خبررساں ادارے نے اپنی ایک رپورٹ میں بتایاکہ فضائی کمپنیوں کے پائلٹس، فلائٹ اٹینڈنٹس اور دیگر عملے نے بیمار ہونے پر ٹیلی فون کال کر کے ڈیوٹی پر نہ آنے کا بتایا یا انہیں قرنطینہ میں رہنا پڑا رہا ہے
اس صورت حال میں لفتھانزا، ڈیلٹا، یونائیٹڈ ایئر لائنز اور دیگر متعدد فضائی کمپنیاں سال کے ایک ایسے موقعے پر پروازیں منسوخ کرنے پر مجبور ہو گئی ہیں جب بہت زیادہ سفر کیا جاتا ہے
اور پروازوں کی منسوخی نے وبائی مرض کی وجہ سے پیدا ہونے والی متعدد امریکی شہریوں کی مایوسی میں اضافہ کیا ہے جو چھٹیوں میں اپنے خاندانوں کے پاس جانا چاہتے تھے۔ گذشتہ سال بھی کرسمس کی سرگرمیوں کو سختی سے محدود کر دیا گیا تھا۔