نئی دہلی: بھارتی ریاست اترپردیش میں تاجر کے گھر سے 150 کروڑ روپے پرآمد کر لیے گئے۔
بھارتی حکام کا کہنا ہے کہ کانپور میں انکم ٹیکس حکام کے چھاپے میں ایک تاجر پیوش جین کے گھر سے اب تک ڈیڑھ سو کروڑ کی نقد رقم برآمد کی گئی ہے، جب کہ برآمد رقم کی گنتی بدستور جاری ہے۔
جمعے کو سینٹرل بورڈ آف ڈائریکٹ ٹیکس اینڈ کسٹمز (سی بی آئی سی) کے چیئرمین وویک جوہری نے میڈیا کو بتایا کہ کانپور کے ایک تاجر پیوش جین سے منسلک مقامات (گھر، دفتر اور فیکٹریوں) پر ٹیکس چھاپے مارے گئے، جو پرفیوم انڈسٹری کا حصہ ہیں، اور ایک سو پچاس کروڑ روپے سے زیادہ کی نقد رقم برآمد کر لی گئی ہے۔
انھوں نے کہا یہ سی بی آئی سی کی تاریخ میں سب سے بڑی کارروائی ہے، تاہم اس کیس میں اب تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ہے۔