ریاض: سعودی عرب کے شہر مدینہ منورہ میں غیر قانونی طریقے سے رقم بیرونِ مملک بھیجنے کے الزام میں 5 پاکستانیوں کو گرفتار کرلیا گیا۔
سعودی خبر رساں ایجنسی کے مطابق مدینہ منورہ میں منی لانڈرنگ کے الزام میں 5 پاکستانیوں کو حراست میں لیا گیا ہے۔
ملزمان کے قبضے سے خطیر رقم بھی برآمد کی گئی ہے جس کے بارے میں ملزمان ذرائع نہ بتا سکے۔
سعودی پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کے بیانات میں تضاد پایا جاتا ہے۔
ملزمان نے یہ رقم بیرون ملک منتقل کرنے کے لیے جمع کی تھی تاہم اس سے قبل ہی کارروائی کرتے ہوئے ملزمان سے رقم تحویل میں لے لی گئی۔
پولیس نے امکان ظاہر کیا ہے کہ یہ رقم دھوکہ دہی سے حاصل کی گئی ہے جس کے بارے میں تفتیش کی جا رہی ہے۔
ملزمان کو کل عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ ملزمان کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی ہے۔