سرائیوو:منظم جرائم اور کرپشن سے متعلق رپورٹنگ کے گروپ آرگنائزڈ کرائم اینڈ کرپشن رپورٹنگ پراجیکٹ (او سی سی آر پی)نے سال 2021 کی کرپٹ ترین شخصیات کی فہرست جاری کردی۔
غیر ملکی رپورٹ کے مطابق کرپٹ پرسن آف دی ایئر کے لیے یورپی ملک بیلاروس کے صدر الیگزینڈر لوکاشینکو کا انتخاب کیا گیا ہے۔
انہیں منظم مجرمانہ سرگرمیوں اور بدعنوانی کو آگے بڑھانے پر 2021 کا کرپٹ پرسن آف دی ایئر قرار دیا گیا۔
رپورٹ میں رواں سال کی دیگر کرپٹ ترین شخصیات میں افغانستان کے سابق صدر اشرف غنی اور شام کے صدر بشارالاسد بھی شامل ہیں۔
رپورٹ کے مطابق بدعنوانی کے حوالے سے تحقیق کرنے والے 6 صحافیوں کے ایک پینل نے دنیا بھر سے 1167 نامزد افراد میں سے بیلاروس کے صدر کا انتخاب کیا۔
لوکاشینکو 1994 سے بیلا روس کے صدر کی حیثیت سے اقتدار میں ہیں۔
رپورٹ کے مطابق ایک دہائی میں یہ پہلا موقع ہے جب پینل نے کسی شخصیت کو متفقہ طور پر کرپٹ پرسن آف دی ایئر قرار دیا ہے