ماسکو: روس کے لڑاکا طیاروں نے شام کے ایک گاؤں پر بمباری کی جس کے نتیجے میں 2 افراد ہلاک اور 10 زخمی ہوگئے جن میں سے 4 کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق لازکیہ کے خمیمیم بیس سے اڑان بھرنے والے روسی جنگی طیاروں نے گاؤں نہرولبیاد پر بمباری کی جس میں کئی گھر تباہ ہوگئے۔
بمباری کے نتیجے میں ایک خاتون اور ایک بچہ جاں بحق جب کہ دیگر 10 افراد زخمی ہوگئے۔
روسی فوج کا کہنا ہے کہ حملہ دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر کیا گیا تاہم سیریئن آبزرویٹری کے مطابق فضائی حملے میں ہلاک اور زخمی ہونے والے شہری تھے۔ شہریوں کے املاک کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔
دوسری جانب بشار الاسد کی حکومتی فورسز نے بھی حلب کے مغربی دیہی علاقوں کینفرا، کیفرتال اور بینین کے دیہاتوں پر چھاپہ مار کارروائی کیں جس میں بڑے پیمانے پر اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ ترکی اور روس کے درمیان 5 مارچ 2020 کو ہونے والے معاہدے کے باوجود کئی علاقے اب بھی شورش زدہ ہیں۔