الحدیدہ: یمن کے حوثی باغیوں نے متحدہ عرب امارات کا ایک کارگو بحری جہاز روابی کو ہائی جیک کرلیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق یمن کے حوثی باغیوں نے جزیرہ سقطری سے جازان بندرگاہ جانے والے سمندری مشن پر مامور بحری جہاز کو ہائی جیک کرلیا ہے تاہم ابھی قذاقوں نے مطالبات پیش نہیں کیے ہیں۔
سعودی اتحادی افواج کے ترجمان جرنل ترکی المالکی نے بتایا کہ متحدہ عرب امارات کے جھنڈے والے کارگو بحری جہاز میں یمن کے ایک ہسپتال کے لیے ایمبولینس، طبی آلات، مواصلاتی آلات، خیمے، ایک فیلڈ کچن، فیلڈ لانڈری یونٹ اور تکنیکی اور حفاظتی معاونت کا سامان لایا جا رہا تھا۔
ترکی المالکی نے مزید کہا کہ حوثی ملیشیا کی طرف سے بحری قذاقی کا یہ عمل خطے کے لیے خطرہ ہے جس نے جنوبی بحیرہ احمر اور باب المندب آبنائے میں آزادانہ اور محفوظ بحری سفر اور بین الاقوامی تجارت پر سوالیہ نشان لگا دیا ہے۔
جنرل المالکی نے حوثی باغیوں کو خبردار کیا کہ فوری طور پر کارگو جہاز کو آزاد کردیں ورنہ روایتی بین الاقوامی انسانی قانون، سمندر میں مسلح تنازعات پر سان ریمو مینوئل اور سمندر کے قانون پر اقوام متحدہ کے کنونشن کی خلاف ورزی پر کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔