ممبئی: بالی ووڈ اداکارہ سشمیتا سین پاکستانی گلوکار دانیال ظفر کی مداح نکلیں۔
معروف گلوکار علی ظفر کے بھائی دانیال ظفر کے گانے ’’اُڑھ چلیے‘‘ پر بھارتی فلم انڈسٹری کی مقبول اداکارہ سشیمتا سین نے اپنی پسندید گی کا اظہار کرتے ہوئے ان کی تعریفوں کے پل باندھ دیئے۔
سشمیتا سین نے اپنے انسٹاگرام پر ایک ویڈیو اپ لوڈ کی جس میں وہ اپنی بیٹی کے ساتھ کار میں سفر کر رہی ہیں اور پس منظر میں پاکستانی گلوکار دانیال ظفر کا گانا چل رہا ہے۔
اداکارہ نے پوسٹ کے کیپشن میں دانیال ظفر کی تعریف کرتے ہوئے لکھا کہ ’’ممبئی کی تازہ ہوا، ڈرائیو، کھلا آسمان اور بار بار سنا جانے والا علیسہ کا پسندیدہ گانا‘‘۔
گلوکار دانیال ظفر نے بھی گانے کی تعریف کیے جانے پر تشکر کا اظہار کیا اور پر جوش انداز میں اپنے جذبات شیئر کرتے ہوئے لکھا ’’میں نے خواب دیکھا تھا کہ اس گانے کو کُھلی فضا اور تیز ڈرائیو میں سنا جائے اور پسند کیا جائے اس خواب کو آپ نے سچ کر دکھایا آپ کا بہت بہت شکریہ‘‘۔
اس کے بعد سشمیتا سین نے بھی جواب میں دانیال ظفر کے کام کو سراہتے ہوئے کہا دانیال آپ ایک اچھے انسان ہیں اور آپ کا پیغام بھی بہترین ہے، آپ کی آواز آپ کے دل کی آواز ہے۔
سشمیتا سین نے آخر میں ایک انتہائی خوبصورت بات کہی کہ سرحد پار لوگوں اور ان کے خوابوں کو جوڑنے کی طاقت حاصل کرنا کتنی بڑی نعمت ہے، ماشاءاللہ۔