شان نے عامر خان کی فلم گجنی میں ولن کا رول کیوں ٹھکرایا؟

کراچی:اداکار شان نے بتایا کہ عامر خان نے انہیں فلم ’’گجنی‘‘ میں کام کرنے کی پیشکش کی تھی لیکن جو کردار انہیں پیش کیا گیا تھا وہ ولن کا کردار تھا اور اسے کوئی بھی کرسکتا تھا۔ ضروری نہیں تھا کہ اس کردار کو کرنے کے لیے خصوصی طور پر مجھے پاکستان سے بلوایا جاتا۔

لہذا میں نے عامر خان سے سوال کیا اس کردار کو تو کوئی بھی کرسکتا ہے تو پھر آپ کیوں ایک پاکستانی اداکار کو کاسٹ کرنا چاہ رہے ہیں۔ جس پر انہوں نے کہا پتہ نہیں چلے گا کہ آپ پاکستانی ہیں۔ اس جواب پر میں نے حیرانی سے کہا ایسے کیسے پتہ نہیں چلے گا کہ میں پاکستانی ہوں اور اس کردار کو ٹھکرانے کی دوسری وجہ یہ تھی کہ جو کردار مجھے پیش کیا گیا وہ انتہائی برے ولن کا تھا یہی وجہ تھی کہ مجھے یہ کردار پسند نہیں آیا۔

شان نے بتایا کہ میں تین، چار دن عامر خان کو سمجھاتا رہا اور جب وہ نہیں مانے تو میں نے پنجابی میں ایک جملہ کہا ’’بس آپ یہ سمجھ لیں کہ آپ انڈیا کے پہلوان ہیں، میں پاکستان کا پہلوان ہوں ، میں پیسے لے کر کشتی نہیں ہاروں گا‘‘۔

اداکار شان نے عامر خان سے کہا آپ نے فلم کے اینڈ میں مجھے مارنا ہے جب کہ پاکستان میں لوگ کبھی مجھے مرتاہوا دیکھنا پسند نہیں کریں گے۔ میں پاکستان  میں لوگوں کے دلوں میں رہتا ہوں، لوگ مجھے پیار کرتے ہیں، میری عزت کرتے ہیں۔ بس یہی وجہ تھی کہ میں نے عامر خان کو فلم میں کام کرنے سے منع کردیا۔

شان نے مزید کہا کہ فلم ’’گجنی‘‘ میں ولن کے کردار کے لیے میں نے عامر خان سے پاکستانی اداکار نیر اعجاز کو لینے کی بھی پیشکش کی تھی۔

واضح رہے کہ بالی ووڈ اداکار عامر خان نے فلم ’’گجنی‘‘ میں ولن کے کردار کے لیے پاکستانی اداکار ہمایوں سعید کو بھی پیشکش کی تھی  لیکن ہمایوں سعید نے بھی اس کردار کو ٹھکرادیا تھا۔