کویت سٹی: سعودی عرب کے بعد کویت نے بھی کورونا کی نئی شکل اومیکرون کے تیزی سے پھیلاؤ کے پیش نظر مساجد میں سخت کورونا پابندیاں نافذ کردی ہیں۔
سعودی میڈیا کے مطابق کویت نے ملک بھر کی مساجد میں سماجی فاصلہ رکھنے، ماسک پہننے، میل جول سے پرہیز کرنے اور اپنی جائے نمازیں ساتھ لانے کی پابندیاں نافذ کی ہیں جب کہ نماز اور خطبے کے دوران دروازے، کھڑکیاں کھلی رکھنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔
یہ نئی کورونا پابندیاں اومیکرون کے تیزی سے پھیلاؤ کو مدنظر رکھتے ہوئے عائد کی گئی ہیں۔ علاوہ ازیں 9 جنوری سے مساجد میں نکاح کے وقت بھی زیادہ سے زیادہ 6 افراد کو شرکت کی اجازت ہوگی۔
کویت کی حکومت نے 9 جنوری سے 28 فروری تک بند جگہوں پر ہر قسم کے عوامی اجتماعات پر بھی پابندی لگا دی ہے جب کہ عوامی مقامات پر ماسک پہننا لازمی ہے۔ ویکسینیشن کی مہم کو بھی تیز تر کیا جا رہا ہے۔
قبل ازیں سعودی عرب نے خانہ کعبہ اور مسجد نبوی ﷺ میں سماجی فاصلہ سمیت نرم کی گئی کئی کورونا پابندیاں دوبارہ عائد کردی گئی ہیں جن میں معتمرین کی تعداد اور مقدس مساجد میں داخلے کے راستے مختص کرنا بھی شامل ہیں۔
واضح رہے کہ جنوبی افریقا میں پہلی بار سامنے آنے والی کورونا کی نئی شکل اومیکرون دنیا بھر میں تیزی سے پھیل رہی ہے جس کے باعث کئی ممالک میں اُٹھائی گئیں کورونا پابندیاں دوبارہ نافذ کی جا رہی ہیں۔