اومیکرون کا خدشہ؛مسجد الحرام میں داخلے کیلئے راستے مختص

عرب میڈیا کے مطابق سعودی حکومت نے نئے ویرینٹ اومیکرون کے پھیلاؤ کے خدشے کے پیشِ نظر مسجد الحرام میں داخلے کے لیے 34 راستے مختص کیے ہیں اور ہر راستے پر سماجی دوری سے متعلق  آگاہی کے ہدایت نامے آویزاں ہیں۔

عمرہ زائرین کو مسجد الحرام میں احتیاطی تدابیر پر عمل کرنے کی سختی سے ہدایات جاری کی گئی ہیں اور عمرہ زائرین اور نمازیوں کے لیے وقت اور نماز کی جگہوں کو جسمانی دوری والے پوسٹروں سے واضح کیا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق حاجیوں اور نمازیوں کو مخصوص اوقات تک مسجد میں رسائی کی اجازت دی جائے گی اور یہ تمام انتظامات عمرہ زائرین کی حفاظت کے لیے ہی کیے گئے ہیں جن میں سماجی فاصلہ اور راستوں کی تقسیم جیسے اقدامات شامل ہیں۔

واضح رہے سعودی عرب میں کورونا کیسز میں کمی کے بعد حکومت کی جانب سے گزشتہ سال اکتوبر میں مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں پابندیاں ختم کرنے کے ساتھ ساتھ سماجی فاصلے کی شرائط بھی ختم کردی گئی تھی۔

دنیا بھر میں کورونا وائرس کے نئے ویرینٹ اومیکرون کے پھیلاؤ کے بعد یہ وائرس سعودی عرب میں بھی پنچے گاڑ رہا ہے جس کے پیش نظر سعودی حکومت نے گزشتہ ہفتے ایک بار پھر مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں سماجی فاصلے قائم کرنے کی شرط عائد کردی تھی۔