عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) نے پاکستان کی درخواست پر چھٹے جائزے پر غور کے لیے اجلاس ملتوی کردیا۔ذرائع کے مطابق اجلاس اب جنوری کے آخر ہفتے ہونے کا امکان ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان نے آئی ایم ایف پروگرام کے چھٹے جائزے پر غور کرنے کے لیے ایگزیکٹو بورڈ اجلاس جنوری کے آخر تک ملتوی کرنے کی درخواست کی تھی۔
وزارت خزانہ کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہےکہ حکومت نے متعلقہ بل قومی اسمبلی میں متعارف کرا دیے ہیں، قانونی سازی کاعمل پورا ہوگا تو آئی ایم ایف بورڈ ان سفارشات کی منظوری کے لیے غور کرے گا۔
دوسری جانب ترجمان آئی ایم ایف کا کہنا ہے کہ چھٹے جائزے پر غور کے لیے ہونے والا اجلاس پاکستان کی درخواست پر ملتوی کیا گیا، چھٹے جائزے پر غور کےلیے نئی تاریخ ابھی طے نہیں کی گئی۔
خیال رہے کہ اس سے قبل ترجمان وزارت خزانہ مزمل اسلم کا کہنا تھا کہ یہ پہلے سے طے تھا کہ پارلیمنٹ سے منظوری کے بعد آئی ایم ایف بورڈ جائزہ لے گا۔