نیویارک:امریکہ میں نیویارک شہر کے برونکس علاقے میں ایک کثیر منزلہ عمارت میں آتشزدگی میں کم از کم 19 افراد ہلاک ہوگئے، ان میں نو بچے شامل ہیں۔ دیگر درجنوں افراد زخمی ہوئے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق نیویارک شہر کے میئر ایرک ایڈمس نے بتایا کہ آتشزدگی کا یہ واقعہ شہر کے برونکس علاقے میں واقع ٹوئن پارک اپارٹمنٹ میں صبح تقریبا ًگیارہ بجے پیش آیا۔اس سانحے میں 19افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ جس 19منزلہ عمارت میں آگ لگی اس میں گیمبیا نژاد افراد بڑی تعداد میں رہتے ہیں۔
محکمہ فائربریگیڈ کے حکام کے مطابق آگ ایک الیکٹرک ہیٹر سے شروع ہوئی اور حالیہ تاریخ میں یہ اپنی نوعیت کا آتشزدگی کا بدترین واقعہ ہے۔
نیویارک کے میئر ایرک ایڈمس نے کم از کم 19افراد کی ہلاکت کی تصدیق کردی ہے۔
حکا م کے مطابق آگ ایک اپارٹمنٹ میں الیکٹرک ہیٹر سے شروع ہوئی اور جلد ہی عمارت کی دوسری اور تیسری منزل تک پھیل گئی۔
محکمہ فائر کے کمشنر ڈینیئل نیگرو نے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ حالانکہ آگ بڑی حد تک صرف راہداری تک محدود تھی تاہم اس کا دھواں عمارت کی تمام منزلوں تک پھیل گیا کیونکہ بیشتر کمروں کے دروازے کھلے ہوئے تھے۔
ایرک ایڈمس نے امریکی نیوز چینل سی این این سے بات کرتے ہوئے کہا،" یہ ہماری تاریخ میں آتشزدگی کے بدترین واقعات میں سے ایک ہے۔ یہ نیویارک شہر کے لیے انتہائی بھیانک اور انتہائی تکلیف دہ وقت ہے۔ ہلاکتوں کی تعداد انتہائی بھیانک ہے۔
"ایک دیگر سرکاری عہدیدار نے امریکی خبر رساں ایجنسی کو بتایا کہ ہلاک ہونے والوں میں نو بچے شامل ہیں۔ایڈمس کے سینیئر ایڈوائزر اسٹیفن رنگیل نے نو بچوں کی موت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ان کی عمر 16برس یا اس سے کم تھی۔