لاس اینجلس:امریکی ریاست کیلی فورنیا میں ایک انجن والا چھوٹا طیارہ پٹڑی پر گر گیا جسے ایک تیز رفتار ٹرین نے روند ڈالا تاہم چند لمحوں قبل ہی ریسکیو ٹیم نے پائلٹ کو بچالیا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق لاس اینجلس میں ایک انجن والا چھوٹا مسافر بردار طیارہ پٹڑی پر گر گیا جس میں پائلٹ شدید زخمی ہوگیا۔
اچانک سے ایک تیز رفتار ٹرین طیارے کی جانب آنے لگی، ریسکیو ٹیم کے اہلکاروں نے سبک رفتاری سے طیارے میں پھنسے پائلٹ کو ٹرین ٹکرانے سے چند لمحے قبل نکال لیا۔
اس ڈرامائی انداز سے پائلٹ کو بچانے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی جس پر صارفین نے ریسکیو ٹیم کے ارکان کی ہمت، صلاحیت اور بروقت کارروائی کی تعریف کرتے ہوئے انھیں ہیرو قرار دیا۔
پائلٹ کو شدید چوٹیں آئیں جنھیں قریبی ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ ڈاکٹرز کا کہنا تھا کہ پائلٹ کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ طیارہ حادثے کی تحقیقات کے لیے انکوائری کمیٹی تشکیل دیدی گئی ہے۔