سجل علی نے ہالی وڈ میں کام کی آفر ٹھکرا دی

اداکارہ سجل علی نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں ہالی وڈ سے فلم میں مرکزی کردار کی پیشکش کی گئی تھی۔

حال ہی میں دیے گئے ایک انٹرویو میں سجل علی نے کہا کہ ہالی وڈ کے ایک بڑے پراجیکٹ کے لیے مجھ سے رابطہ کیا گیا تھا، فلم کی کہانی کافی دلچسپ تھی لیکن اس میں ایک بولڈ سین تھا جسے میں نہیں کرسکتی تھی۔

سجل کا کہنا تھا کہ اگر میں کسی طرح وہ سین عکسبند کروا بھی دیتی تو میرے مداح اور ملک کے لوگ ہمیشہ مجھے اس سین سے منسلک کرتے اور میں یوں انہیں مایوس نہیں کرنا چاہتی تھی۔

انٹرویو میں سجل علی نے بالی وڈ فلم موم میں اداکاری کرنے کے بعد انڈسٹری میں لوگوں کے بدلتے رویے سے متعلق بھی بات کی۔ 

انہوں نے کہا کہ لوگوں کی جانب سے قیاس آرائیاں کی جانے لگیں کہ سجل کو کیسے آنجہانی اداکارہ سری دیوی کے ساتھ ایک کردار کے لیے چُنا جاسکتا ہے۔

اس سے پہلے ہماری انڈسٹری کی قابل اداکاراؤں ثانیہ سعید اور نادیہ جمیل کے ساتھ کام کرچکی ہوں، میرے لیے وہ سری دیوی جیسی ہی اداکارائیں ہیں،سجل کی گفتگو__فوٹو: فائل

اداکارہ کا کہنا تھا کہ اس قسم کی باتوں نے مجھے افسردہ کردیا تھا کیونکہ میں اس سے پہلے ہماری انڈسٹری کی قابل اور ورسٹائل اداکاراؤں ثانیہ سعید اور نادیہ جمیل کے ساتھ کام کرچکی ہوں، میرے لیے وہ سری دیوی جیسی ہی باصلاحیت اداکارائیں ہیں۔

سجل کا کہنا تھا کہ میرا پاکستان میں کیا جانے والا کام دیکھ کر بھارت میں منتخب کیا گیا جب کہ پاکستانی انڈسٹری میں مجھے بالی وڈ میں کام کی وجہ سے عزت دی جانے لگی، نہ جانے ہم اپنے ٹیلنٹ کو میرٹ کے تحت کب اہمیت دیں گے۔

واضح رہے کہ سجل علی نے بالی وڈ کی 2017 میں ریلیز ہونے والی فلم 'موم' میں اداکاری کی تھی جس میں وہ سری دیوی کی بیٹی تھیں، اس فلم میں سجل کے علاوہ پاکستانی اداکار عدنان صدیقی بھی تھے۔