دو ماہ میں یورپ کی نصف سے زائد آبادی کے اومیکرون سے متاثر ہونے کا خدشہ

عالمی ادارہ صحت نے اگلے دو ماہ میں یورپ کی نصف سے زائد آبادی کا اومیکرون سے متاثر ہونے کا خدشہ ظاہر کر دیا۔

ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کے مطابق اگر یورپ میں کورونا وبا موجودہ شرح سے جاری رہتی ہے تو براعظم یورپ کی نصف سے زیادہ آبادی اگلے دو مہینوں میں کورونا وائرس کے اومیکرون ویریئنٹ سے متاثر ہو سکتی ہے۔

ایک پریس کانفرنس میں ڈبلیو ایچ او کے یورپی آفس کے ڈائریکٹر ہانس کلوگ نے خبردار کیا کہ اومیکرون ویریئنٹ یورپی خطے میں مغرب سے مشرق تک متاثر کرنے والی نئی لہر ہے۔

عالمی ادارہ صحت کے یورپی آفس کے ڈائریکٹر ہانس کلوگ کا کہنا تھا کہ انسٹیٹیوٹ فار ہیلتھ میٹرکس اینڈ اِیولُوایشن (آئی ایچ ایم ای) کی پیش گوئی کے مطابق اگلے 6 سے 8 ماہ میں یورپ کی نصف سے زیادہ آبادی اومیکرون سے متاثر ہوجائے گی۔

عالمی ادارہ صحت کا یورپی خطہ وسطی ایشیا سمیت 53 ممالک اور علاقوں پر مشتمل ہے اور عالمی ادارہ صحت کے یورپی آفس ڈائریکٹر ہانس کلوگ کے مطابق اِن میں سے 50 ممالک میں اومیکرون کے تصدیق شدہ کیسز موجود ہیں۔

عالمی ادارہ صحت کے مطابق 10 جنوری تک اِن میں سے 26 ممالک نے رپورٹ کیا ہے کہ اُن کی آبادی کے ایک فیصد سے زائد افراد ہر ہفتے کورونا میں مبتلا ہو رہے ہیں۔

2022ء کے پہلے ہفتے میں ہی یورپ میں کورونا وائرس کے سات ملین کیسز ریکارڈ کیے گئے ہیں۔