سعودی عرب نے معتمرین کے لیے ویزہ کے حصول کو مزید آسان کرتے ہوئے ڈیجیٹل سہولت فراہم کردی۔ معتمرین اب ڈیجیٹل پلیٹ فارم ’’ای عمرہ گیٹ‘‘ پر جاکر چند ضروری معلومات فراہم کرکے فوری طور پر عمرہ ویزہ حاصل کرسکتے ہیں۔
سعودی وزارت حج و عمرہ نے ای عمرہ گیٹ پر اندراج کے طریقہ کار کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ اس سہولت سے ان ممالک کے شہری فائدہ اُٹھاسکتے ہیں جہاں سے سعودی عرب آنے پر پابندی عائد نہیں ہے۔ ایسے ممالک کے معتمرین مندرجہ زیل طریقہ کار پر عمل کرکے عمرہ ویزہ حاصل کرسکتے ہیں۔
1- ای عمرہ گیٹ وزٹ کریں-
2- معتمرین وزارت حج و عمرہ کے لائسنس یافتہ ٹریولنگ ایجنسی کا انتخاب کریں-
3- اپنی سہولت اور آسانی کے مطابق مناسب پیکیج چنیں جس میں رہائش اور بنیادی سہولیات بھی شامل ہیں۔
4- منتخب کردہ پیکیج کی رقم ادا کریں۔
عمرہ ویزہ حصول کے خواہش مند افراد ’ای عمرہ گیٹ‘ پر اندراج کے بعد اپنے منتخب کردہ ٹریولنگ ایجنسی کے دفتر جائیں اور اپنا پاسپورٹ پیش کرکے عمرہ فارم پُر کریں اور اپنے وطن سے روانگی اور ادائیگی عمرے کے بعد واپسی کی تاریخ کی تصدیق کریں-
علاوہ ازیں آمد و رفت کے ٹکٹ، میڈیکل انشورنس اسکیم اور سعودی عرب کی منظور کردہ کورونا ویکسین کی مصدقہ سند پیش کریں تو ویزہ جاری کردیا جائے گا اس کے ساتھ ہی ایپ کے ذریعے عمرہ کی ادائیگی اور مسجد نبوی کی زیارت کی تاریخ اور وقت پیشگی حاصل کرلیں تاکہ بعد میں زحمت نہ ہو-