برطانوی وزیر اعظم نے لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی پر معافی مانگ لی

لندن: لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی پر برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن نے معافی مانگ لی۔

 برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن نے لاک ڈاؤن کے دوران ڈاؤننگ اسٹریٹ پارٹی میں شرکت پر معذرت کر لی ہے۔

انھوں نے کہا کہ وزیر اعظم ہاؤس میں پارٹی کی ذمہ داری لیتے ہوئے میں معافی مانگتا ہوں۔

وزیر اعظم کے سوالات کے ہفتہ وار سیشن کے آغاز پر بورس جانسن نے کہا کہ وہ اندر کام پر جانے سے قبل 25 منٹ تک پارٹی میں شریک ہوئے تھے، انھوں نے کہا کہ ان کا خیال تھا کہ یہ کام کے سلسلے کی تقریب ہوگی، تاہم وزیر اعظم نے اعتراف کیا کہ پتا چلنے پر انھیں حاضرین کو بھی واپس اندر بھیج دینا چاہیے تھا۔

یاد رہے کہ 20 مئی 2020 کو ٹین ڈاؤننگ اسٹریٹ کے پائیں باغ میں پارٹی ہوئی تھی، لاک ڈاؤن کی اس خلاف ورزی پر اپوزیشن کی جانب سے بورس جانسن کو شدید تنقید کا سامنا تھا۔

قائد حزب اختلاف کیئر اسٹارمر نے کہا کہ برطانیہ کے وزیر اعظم کا یہ عذر کہ "انھیں احساس نہ تھا کہ وہ پارٹی میں تھے” ایک "مضحکہ خیز” اور "دل شکن” عذر ہے، لیبر پارٹی کے رہنما نے سوال کیا کہ کیا وزیر اعظم استعفیٰ دیں گے۔

واضح رہے کہ بورس جانسن نے اس سے قبل ان خبروں کی تردید کی تھی کہ وہ اور ان کی اہلیہ کیری جانسن نے اس تقریب میں شرکت کی ہے۔