منی لانڈنگ کیس سے پریشان جیکلین فرنانڈز نے مذہبی کتابیں پڑھنا شروع کردیں

ممبئی: معروف بالی وڈ اداکارہ جیکلین فرنانڈز منی لانڈرنگ کیس کی وجہ سے شدید پریشان ہیں اور انہوں نے اب مذہبی کتابیں پڑھنا شروع کردی ہیں۔

انڈیا ٹو ڈے کی رپورٹ کے مطابق جیکلین فرنانڈز اس وقت انتہائی مشکل وقت سے گزر رہی ہیں۔

اداکارہ کو سکیش چندرا شیکھر سے قریبی تعلقات کی بنا پر 200 کروڑ روپے منی لانڈرنگ اور فراڈ کے کیس میں شاملِ تفتیش کیا گیا ہے۔

سکیش چندرا شیکھر کے وکیل نے بتایا تھا کہ میرے موکل کا جیکلین فرنانڈز سے معاشقہ تھا۔

مرکزی ملزم نے اداکارہ کو مہنگے ترین تحائف دیے ہیں جس کی وجہ سے جیکلین بھی انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کے نشانے پر آگئی ہیں۔

انڈیا ٹو ڈے کے مطابق جیکلین فرنانڈز نے پریشانی کی وجہ سے مذہبی اور خود اعتمادی پیدا کرنے والی کتابوں کا مطالعہ اور ساتھ ہی پورے دن کی روداد لکھنا شروع کردی ہے۔

اداکارہ کی ایک قریبی دوست نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر بتایا ہے کہ جیکلین ہمیشہ سے روحانی طور پر مائل رہی ہیں، وہ سچ بولنے اور روز لکھے جانے والی ڈائری پر یقین رکھتی ہیں اور وہ کچھ وقت سے ایسا کر رہی ہیں۔

قریبی دوست نے بتایا کہ اداکارہ نے تنہائی میں غور و فکر اور سانس لینے کی مشق شروع کردی ہے کیوں کہ وہ ایک مشکل وقت سے گزر رہی ہے۔

خیال رہے کہ 8 جنوری کو جیکلین فرنانڈز کی منی لانڈرنگ کیس کے مرکزی ملزم سکیش چندرا شیکھر کے ساتھ ایک اور تصویر وائرل ہوئی تھی جس پر اداکارہ نے پہلی بار بیان جاری کیا تھا۔

اداکارہ نے انسٹاگرام پوسٹ کے ذریعے اپنے بیان میں کہا تھا کہ اس ملک اور اس کے لوگوں نے مجھے ہمیشہ اپنی بے حد محبت اور عزت سے نوازا ہے، اس میں میرے میڈیا کے وہ دوست بھی شامل ہیں جن سے میں نے بہت کچھ سیکھا۔

جیکلین کا کہنا تھا کہ میں اس وقت بہت مشکل وقت سے گزر رہی ہوں لیکن مجھے امید ہے کہ میرے دوست اور مداح میرا ساتھ ضرور دیں گے، میں اس امید کے ساتھ اپنے میڈیا کے دوستوں سے درخواست کرنا چاہتی ہوں کہ برائے مہربانی میری ایسی کوئی تصویر عام نہ کریں جس سے میری راز داری متاثر ہو۔

اداکارہ نے کہا تھا کہ آپ ایسا اپنوں کے ساتھ کبھی نہیں کرنا چاہیں گے اور مجھے امید ہے کہ آپ ایسا ہی معاملہ میرے ساتھ بھی رکھیں گے، امید کرتی ہوں انصاف اور اچھی سوچ غالب آئے گی۔