حریم شاہ کے برطانیہ رقم منتقلی کے دعوے کے بعد ایف آئی اے کے حرکت میں آنے پر ٹک ٹاکر اب اپنے بیان سے پیچھے ہٹ گئی ہیں۔
حریم شاہ کی بھاری رقم کے ساتھ ویڈیو سامنے آنے کے بعد انہوں نے ایک کے بعد ایک وضاحتی بیان جاری کیا اور سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو بھی شیئر کی جس میں ان کے ساتھ موجود شخص نے انکشاف کیا کہ وہ ساری رقم جو حریم کی ویڈیو میں موجودہے وہ ان کی ہے اور وہ منی ایکسچینج کا کام کرتے ہیں جب کہ ان کا تمام پیسہ قانونی ہے۔
اب حریم کی ایک اور ویڈیو سامنے آئی ہے جس میں رقم کا اعتراف کرنے والے شخص نے انکشاف کیا ہے کہ اس کا تعلق مبینہ طور پر پاکستان تحریک انصاف سے ہے اور وہ الیکشن کے لیے پی ٹی آئی کا مضبوط امیدوار ہے۔
مذکورہ شخص نے ویڈیو میں اعتراف کیا کہ حریم کے پاس موجود پیسہ ان کا تھا جو انہوں نے بینک ڈیپازٹ کیا۔
ویڈیو میں موجود شخص کا کہنا تھا کہ انہیں کسی تعارف کی ضرورت نہیں، وہ این اے 68 کے حوالے سے پاکستان تحریک انصاف کے مضبوط امیدوار ہیں جب کہ انہیں تمام حکومتی ممبران بھی جانتے ہیں۔
اس پر حریم نے کہا کہ ایک بار پھر جان لیں کہ پی ٹی آئی والے بھی کسی نہ کسی ملک میں میرے ساتھ ہیں۔
ویڈیو میں موجود شخص نے اس دوران وزیر داخلہ شیخ رشید کو بھی مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت میں اور منی لانڈرر بیٹھے ہیں ان کو پکڑیں حریم شاہ کے پچھے کیوں پڑے ہیں۔