زندگی 25 سال پر ختم نہیں ہوتی۔ اس طرح سوچنا چھوڑ دیں، ملائکہ اروڑا

ممبئی: بالی ووڈ اداکارہ اور رئیلیٹی شو کی جج ملائکہ اروڑا نے پیغام دیا ہے کہ زندگی 25 سال کی عمر کے بعد ختم نہیں ہوجاتی۔

حال ہی میں 48 سالہ بالی ووڈ اداکارہ ملائکہ اروڑ اور ان کے 36 سالہ بوائے فرینڈ ارجن کپور کے درمیان علیحدگی کی خبریں میڈیا پر آئی تھیں۔ جن پر ارجن کپور نے ردعمل دیتے ہوئے ان تمام خبروں کی تردید کردی تھی۔ تاہم ملائکہ اروڑا نے اس معاملے پر ابھی تک کوئی بیان جاری نہیں کیا تھا۔

اور اب ارجن کپور کے ساتھ علیحدگی کی خبروں کے بعد ملائکہ اروڑا نے اپنے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ شیئر کی ہے جس میں انہوں نے پیغام دیا ہے کہ 25 سال کے بعد زندگی ختم نہیں ہوجاتی۔

ملائکہ اروڑا نے لکھا 40 سال کی عمر میں محبت کی تلاش کو معمول بنائیں۔ 30 سال کی عمر میں نئے خوابوں کی دریافت اور ان خوابوں کے تعاقب کو معمول بنائیں۔ 50 سال کی عمر میں اپنے آپ کو اور اپنی زندگی کے مقصد کے تلاش کو معمول بنائیں۔ زندگی 25 سال پر ختم نہیں ہوتی۔ اس طرح سوچنا چھوڑ دیں۔

واضح رہے کہ اداکار ارجن کپور، ملائکہ اروڑا سے عمر میں کافی چھوٹے ہیں اور اس بات کے لیے دونوں کو اکثر سوشل میڈیا پر تنقید کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔