سلمان خان کو پڑوسی نے تنگ کردیا، اداکار عدالت پہنچ گئے

نئی دہلی: معروف بھارتی اداکار سلمان خان اپنے پڑوسی کے خلاف عدالت پہنچ گئے، عدالت نے کیس کی مزید سماعت 21 جنوری تک ملتوی کردی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق سلمان خان نے اپنے پڑوسی سے تنگ آکر ممبئی کی سٹی سول اور سیشن عدالت میں دیوانی معاملات کے تحت مقدمہ درج کیا ہے جس کی سماعت عدالت نے 21 جنوری تک ملتوی کر دی ہے۔

سلمان خان نے اپنی درخواست میں اپنے پڑوسی پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ ان کے خلاف مبینہ طور پر جھوٹے، اور ہتک آمیز تبصرے کرتا ہے جو ان کے اور ان کے اہل خانہ کے لیے باعث تکلیف ہے۔

درخواست میں اداکار نے دعویٰ کیا ہے کہ ان الزامات کی وجہ سے ان کی اور ان کے خاندان کی عوامی ساکھ خراب ہو رہی ہے اور یہ الزامات ان کے لیے سنگین نقصان اور تعصب کا باعث بھی بن رہے ہیں۔

دوران سماعت سلمان خان کے وکلا نے عدالت سے درخواست کی کہ فریقین کو اس عمل سے روکتے ہوئے حکم امتناعی جاری کیا جائے۔

پڑوسی کے وکیل نے سلمان خان کے الزام کی مخالفت کرتے ہوئے جواب داخل کروانے کے لیے عدالت سے کچھ وقت طلب کیا ہے۔

عدالت نے وکیل مخالف کی درخواست منظور کرتے ہوئے سماعت 21 جنوری تک ملتوی کر دی۔