برطانیہ سے مجرمان واپسی معاہدے متعلق اہم فیصلے

وفاقی کابینہ کی خصوصی وزارتی کمیٹی نے برطانیہ سے مجرمان واپسی معاہدے سے متعلق اہم فیصلے کئے ہیں،جبکہ اہم معاہدہ برطانیہ سے مشاورت کے بعد وفاقی کابینہ سے حتمی منظوری کے لئے پیش کیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق وزارت داخلہ میں وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کی سربراہی میں وفاقی کابینہ کی تشکیل دی گئی خصوصی وزارتی کمیٹی کا اجلاس ہوا۔

خصوصی وزارتی کمیٹی کے اجلاس میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر انسانی حقوق ڈاکٹر شیریں مزاری اور مشیر برائے داخلہ بیرسٹر شہزاد اکبر سمیت دیگر اہم حکام نے شرکت کی۔

اجلاس میں پاکستان اور برطانیہ کے درمیان مجرمان واپسی معاہدے سے متعلق اہم فیصلے کئے گئے۔

کمیٹی نے فیصلہ کیا کہ برطانیہ کے ساتھ مجرمان واپسی کے معاہدے کو بہترین عوامی مفاد میں دستخط کیا جائے گا- معاہدے کو وفاقی کابینہ میں لے جانے سے پہلے برطانیہ سے مزید مشاورت کی جائے گی۔

پاکستان اور برطانیہ کے درمیان معاہدے سے دونوں ممالک اپنے سزا یافتہ مجرمان کو ایک دوسرے کے ممالک واپس بھیج سکیں گے۔ اس معاہدے کے ذریعے صرف ایسے شہریوں کو واپس لانے کی اجازت ہوگی جن کو متعلقہ عدالتیں سزائیں سنا چکی ہیں۔

برطانیہ سے مشاورت کے بعد معاہدے کو وفاقی کابینہ سے حتمی منظوری کے لئے پیش کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان مجرمان کی واپسی سے متعلق معاہدے کے لئے مذاکرات کا پہلا راؤنڈ اکتوبر 2019 میں منعقد ہوا تھا۔

گزشتہ برس وزیر داخلہ نے پاکستان میں تعینات برطانوی ہائی کمشنر کرسچین ٹرنر سے ملاقات کی تھی جس میں پاکستان اور برطانیہ کے درمیان مجرمان کی حوالگی سے متعلق معاہدے کے حوالے سے پیشرفت کا جائزہ بھی لیا گیا تھا۔