مانسہرہ میں سیاحوں کی گاڑی گہر ی کھائی میں جاگری،4افراد جاں بحق

مانسہرہ:گھنول میں سیاحوں کی گاڑی حادثے کاشکار ہوگئی دوخواتین سمیت چار افرادجاں بحق جبکہ تین زخمی ہوگئے۔

 گزشتہ شب بالاکوٹ کے علاقہ گھنول میں سیاحوں کی گاڑی ڈرائیور سے بے قابوہوکرگہری کھائی میں جاگری۔

گاڑی کے اس حادثہ میں دوخواتین سمیت چار سیاح جاں بحق ہوگئے۔جبکہ تین سیاح زخمی ہوگئے۔

جاں بحق ہونیوالوں میں فرخ بی بی زوجہ مشتاق سنی بی بی ساکنان منڈی بہاؤالدین فضیل اورسیدعاصم شاہ ساکنان ٹیکسلا شامل ہیں۔

حادثے کی اطلاع ملتے ہی مقامی افراد،ریسکیو 1122کے اہلکاراور اے سی بالاکوٹ صدام حسین میمن پولیس نفری کے ہمراہ فوری موقع پر پہنچے۔

جاں بحق اور زخمیوں کو کھائی سے نکال کر بالاکوٹ ہسپتال پہنچایا گیا۔نعشیں وہاں سے ورثاء کے حوالے کردی گئیں۔

فرخ بی بی کے ورثاء نہ ملنے کے باعث اس کو گڑھی حبیب اللہ میں امانتاًسپرد خاک کر دیا گیا۔