بنگلورو: بھارت میں ایک کالج نے حجاب اور دستانے پہننے پر 6 مسلم طالبات کو کلاس سے بے دخل کر کے اْن کا داخلہ مکمل بند کردیا۔
بھارتی ریاست کرناٹکا کے ضلع ادوپی میں قائم گرلز کالج میں زیر تعلیم 18 سالہ الماس اور اْن کی 5 دوستوں کو کلاس ٹیچر نے حجاب پہننے پر کلاس سے باہر نکال کر داخلے پر مکمل پابندی عائد کردی۔
الماس نامی طالبہ نے بتایا کہ ’جب میں کلاس کے دروازے پر پہنچی تو ٹیچر نے کہا کہ ہم حجاب کے ساتھ کلاس میں داخل نہیں ہوسکتے، اگر کمرے میں بیٹھنا ہے تو اسے اتارنا ہوگا‘۔
انہوں نے کہا کہ حجاب اور دستانے ہمارے ایمان کا حصہ اور یہ ہمیں تحفظ فراہم کرتا ہے، جب ان پر پابندی نہیں تو انتظامیہ کیوں ہم پر دباؤ ڈال رہی ہے۔
کالج انتظامیہ نے طالبات کے احتجاج پر ٹیچر کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ حجاب اور دستانے یونیفارم کا حصہ نہیں، ان کے بغیر ہی کلاس میں داخلے کی اجازت دی جاسکتی ہے۔
دوسری جانب کالج پرنسپل گودوا نے کہا کہ کلاس روم میں حجاب پہننے کی اجازت نہیں اور نہ ہی یہ ہمارے یونیفارم کا حصہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم وزارتِ تعلیم کی ہدایت کی روشنی میں ہی اقدامات کرتے ہیں۔