اداکارعلی عباس کو ماہرہ خان کی وجہ سے کیوں گالیاں پڑیں

پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کے مایہ ناز اداکار علی عباس خان نے انکشاف کیا ہے کہ ایک مرتبہ اداکارہ ماہرہ خان کی وجہ سے وہ سوشل میڈیا پر ناقدین کے تبصروں کی زد میں آگئے تھے۔

حال ہی میں علی عباس ایک شو میں شریک ہوئے جہاں میزبان نے ان سے سوال کیا کہ کیا کبھی ایسا موقع آیا ہے جب سوشل میڈیا پر گالیاں کھانی پڑی ہوں؟

اداکار نے جواب دیا کہ ہاں ایک بار ایسا ہوا تھا، اداکارہ ماہرہ خان کی ایک تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی جس میں انہوں نے دوپٹہ نہیں پہنا ہوا تھا،ماہرہ نے پورے کپڑے پہنے تھے اور کچھ ایسا نہیں تھا کہ کسی کی ان پر غلط نظر جائے۔

علی عباس نے بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ ان دنوں اس تصویر کو لوگ تنقید کا نشانہ بنارہے تھے کہ ماہرہ دوپٹے کے بغیر کیوں آئیں، میں نے ان کی تصویر پر تبصرہ کیا کہ وہ دوپٹہ نہیں پہن رہیں تو تم دیکھنا بند کردو۔

اداکار نے کہا کہ میرے اس کمنٹ پر مجھے بہت گالیاں پڑی تھیں، لوگوں نے اس قدر غیر اخلاقی زبان استعمال کی کہ میں پڑھ بھی نہیں سکا اور یہ میرے ساتھ زندگی میں پہلی بار ہوا تھا۔

واضح رہے کہ گذشتہ برس ماہرہ خان نے  اسرائیل کے فلسطینیوں پر مظالم کے خلاف نکلنے والی ریلی میں شرکت کی تھی جس میں انہوں نے شلوار قمیض پر دوپٹہ نہیں پہنا تھا۔

ماہرہ کی ریلی کی تصاویر وائرل ہوئیں تو سوشل میڈیا صارفین نے انہیں شخت تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔