لاہور: نیو انار کلی بازار مٰیں بم دھماکے کے بعد لوٹ مار کرنے والے بے حس افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔
نیو انارکلی مارکیٹ میں بم دھماکے کے بعد فوٹیجز سامنے آٓئیں تھیں جن میں دیکھا گیا کہ کچھ لوگ دھماکے کے بعد زمین پر گرنے والے پرائز بانڈ کو لوٹ رہے تھے، ان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
مقدمہ انعامی بانڈز فروخت کرنے والے دکان دار حافظ عاصم کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔
ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ دھماکے میں دو ملازم مبین اور عبداللہ زخمی ہوئے تو بھگ دڑ مچ گئی.
دھماکے کے مقام پر کاؤنٹر کے شیشے ٹوٹنے سے نوٹ اور بانڈز زمین پر گر گئے تھے، اسی بھگ دڑ میں کاؤنٹر اور زمین پر گرے 7 لاکھ 25 ہزار کے کرنسی لوٹ لی گئی۔
پولیس کے مطابق مقدمہ لوٹ مار کرنے والے نامعلوم افراد پر درج کیا گیا ہے جن کی شناخت کے لیے کوششیں جاری ہیں۔