بالی وڈ کے معروف اداکار آرنلڈ شوازنیگر کی گاڑی کو خطرناک حادثہ پیش آیا ہے۔
برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق امریکی ریاست کیلی فورنیا کے سابق گورنر اور ہالی وڈ اداکار آرنلڈ شوازنیگر کے ترجمان نےکار حادثے کی تصدیق کی ہے۔
رپورٹ کے مطابق یہ حادثہ لاس اینجلس میں پیش آیا جس میں آرنلڈ کی گاڑی دیگر گاڑیوں پر چڑھ گئی۔ گذشتہ روز پیش آنے والے حادثے میں 4 گاڑیاں متاثر ہوئیں جن میں ایک شخص زخمی ہے جب کہ اداکار محفوظ رہے ہیں۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچیں اور حادثے کے زخمی کو اسپتال منتقل کیا، زخمی کی حالت خطرے سے باہر بتائی گئی ہے۔
امریکی ذرائع ابلاغ اور سوشل میڈیا میں سامنے آنے والی تصاویر میں دیکھا جاسکتا ہےکہ ایک بڑی ایس یو وی گاڑی دو گاڑیوں کے اوپر چڑھی ہوئی ہے، مزید تصاویر میں آرنلڈ کو گاڑی سے اتر کر دیگر متاثرہ افراد سے بات کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔
پولیس کا کہنا ہےکہ حادثے کے حوالے سے کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ، پولیس نے واقعے میں منشیات اور شراب شامل ہونےکو خارج از امکان قرار دیا ہے تاہم حادثے کی تحقیقات کی جارہی ہیں۔
آرنلڈ کے ترجمان نے امریکی اخبار کو بتایا ہےکہ جب حادثہ پیش آیا اس وقت وہ ایس یو وی کار چلارہے تھے، آرنلڈ بالکل ٹھیک ہیں اور حادثے کے بعد انہوں نے ریسکیو ادارے کو کال کی اور زخمی سے بات چیت بھی کی۔