گوجرانوالہ: سعودی عرب سے آئی خاتون سائرہ اپنی 2 بیٹیوں اور 2 بیٹوں سمیت لاپتا ہوگئی۔
نجی ٹی وی کے مطابق پنجاب کے شہر سرائے عالمگیر کے نواحی علاقے فاروق ٹاؤن کی رہائشی خاتون اپنے 4 بچوں سمیت پراسرار طور پر غائب ہوگئی۔ پولیس حکام کے مطابق اغوا ہونے والی خاتون اور چاروں بچے تین ہفتے قبل سعودی عرب سے آئے تھے۔
سرائے عالمگیر پولیس نے بتایا کہ سائرہ نامی خاتون اور اس کے بچے گھر سے کار پر شاپنگ کے لیے گئے تھے، ان کے گھر سے نکلنے کی سی سی ٹی فوٹیج بھی منظرعام پر آگئی ہے، جس میں واضح طور پر خاتون اپنی فیملی کے ہمراہ گھر سے نکل رہی ہے، تاہم راستے میں پراسرار طور پر تمام افراد لاپتہ ہوگئے، جو ممکنہ طور پر اغوا ہوئے ہیں، اغوا ہونے والوں میں والدہ سائرہ،14 سالہ ابراہیم، 13 سالہ وردہ، 9 سالہ نرمین اور 6 سالہ محمد ارحم شامل ہے۔
پولیس حکام کے مطابق بچوں کے والد کا بیان ہے کہ خاتون نے بچوں کے ساتھ گزشتہ روز واپس سعودیہ جانا تھا، لیکن ایک دم سے سب لاپتہ ہوگئے۔ بچوں کے والد کی مدعیت میں ایک مشکوک شخص کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، اور سی سی ٹی وی فوٹیجز کی مدد سے بھی تحقیقات کی جارہی ہے۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے اوورسیز فیملی کے لاپتہ ہونے کے واقعہ کانوٹس لیتے ہوئے آر پی اوگوجرانوالہ سے فوری رپورٹ طلب کرلی ہے۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ خاتون اوراس کے چار بچوں کو فوری بازیاب کرایا جائے، اور ان کی بازیابی کیلئے تمام تروسائل بروئے کار لائے جائیں۔