کراچی میں بھارتی خفیہ ایجنسی را کا سائبرنیٹ ورک بے نقاب

کراچی:کراچی میں رضویہ کے علاقے سے گرفتارملزم سفیان کے کمپیوٹرسے اہم سراغ مل گئے، پولیس اور حساس اداروں پرمشتمل ٹیم کی ملزم سے مشترکہ تحقیقات میں اہم انکشاف ہوا ہے۔

ایک نجی ٹی وی  کے مطابق ملزم سفیان نقوی کو رضویہ کے علاقے سے گرفتار کیا گیا جس کو مالدیپ میں پروجیکٹ کوآرڈینیٹر کے طور پر بھرتی کیا گیا تھا۔

حکام نے بتایا کہ گرفتار ملزم کے کمپیوٹراورموبائل سے اہم شواہد ملے ہیں، جن کا فرانزک جائزہ لیا جارہا ہے، اس حوالے سے ایف آئی اے سے بھی مدد لیں گے اور ملزم سے تفتیش کے لیے جے آئی ٹی بنانے کی سفارش کریں گے۔

تفتیشی حکام کے مطابق سفیان کو پروجیکٹ کوآرڈینیٹر کے طورپر پاکستان میں رہ کر آن لائن کام کی آفر کی گئی اور برطانوی نمبر سے مبینہ بھارتی ہینڈلر نے ملازمت کے معاملات طے کیے۔

اس حوالے سے حکام نے مزید بتایا کہ خاتون ہینڈلر کی جانب سے ملزم کو 30 سے 50 ہزار روپے ماہانہ تنخواہ بتائی گئی۔

سفیان کا کام پاکستان کے خلاف نفرت انگیز پروپیگنڈہ کرنا تھا جس کے لیے اسے پاک فوج،خصوصا سی پیک سے متعلق نفرت آمیزمواد فراہم کیا گیا۔

ملزم کو پاکستان مخالف عناصر سے رابطوں میں رہنے کی ہدایت کے ساتھ اپنی شناخت چھپانے کے لیے اسے مختلف ایپس کے استعمال سے بھی آگاہ کیا گیا۔

تفتیشی حکام کا کہنا تھا کہ بھارتی خفیہ ایجنسی  را کا ہدف پڑھے لکھے نوجوان ہیں اور انہیں آن لائن ملازمت آفر کی جاتی ہیں، ان کے مطابق نیٹ ورک کے دیگرافرادکی تلاش بھی جاری ہے۔