سعودی عرب : جسم فروشی کا اڈہ چلانے پرپاکستانی گرفتار

ریاض: سعودی عرب میں ایک پاکستانی شہری کو فحاشی کا اڈہ چلانے کے الزام میں پولیس نے گرفتار کرلیا۔  سعودی میڈیا کے مطابق سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو کی بنیاد پر اٹارنی جنرل کے حکم پر ریاض پولیس نے ایک پاکستانی شہری کو گھروں میں کام کرنے والی غیرملکی  ملازماؤں سے عصمت فروشی کا دھندہ کرانے کے الزام میں گرفتار کرلیا۔

پولیس کے مطابق گرفتار ہونے والا شخص کفیلوں کے گھر سے فرار ہونے والی غیر ملکی گھریلو ملازماؤں کو پناہ کے نام پر ٹھکانہ دیتا تھا اور ان سے سعودی قوانین اور سماجی آداب کے منافی کام کروا رہا تھا۔ ملزم کے جسم فروشی کا اڈہ چلانے کا انکشاف سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو میں ہوا تھا جس میں غیر ملکی ملازماؤں کے لیے بنائی گئی پناہ گاہ دیکھی جا سکتی ہے جہاں غیر اخلاقی سرگرمیاں بھی جاری ہیں۔

پبلک پراسیکیوشن نے بتایا کہ ملزم کو انسانی اسمگلنگ کے جرائم کے انسداد کی عدالت میں پیش کیا جائے گا جہاں اس قانون کی دفعہ 4 کے تحت کیس چلے گا جس کی سزا 15 سال قید اور 10 لاکھ  ریال جرمانے تک ہوسکتی ہے۔