واشنگٹن: جنوبی چین کے سمندر میں جنگی مشقوں کے دوران ایک امریکی فائٹر جیٹ گر کر تباہ ہو گیا، حادثے میں 7 فوجی زخمی ہو گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق امریکی بحریہ نے کہا ہے کہ کم از کم سات امریکی اہل کار ایک جوہری طاقت سے چلنے والے بحیرۂ جنوبی چین میں سفر کرتے امریکی بحری جہاز کے عرشے پر لڑاکا طیارے کے "لینڈنگ حادثے” کے نتیجے میں زخمی ہو گئے ہیں۔
پیر کو جاری کردہ بیان میں یو ایس پیسیفک فلیٹ کمانڈ نے کہا کہ F-35C لائٹننگ II جیٹ معمول کی فلائٹ آپریشن پر تھا، جب USS کارل ونسن کے عرشے پر حادثہ رونما ہوا۔
منگل کو امریکی فوج نے بتایا کہ نیوی کا طیارہ عرشے پر اترتے ہوئے تباہ ہوا، تاہم پائلٹ کو ایک فوجی ہیلی کاپٹر کی مدد سے بحفاظت نکال لیا گیا۔
امریکا کے ساتویں بیڑے کے ترجمان لیفٹیننٹ مارک لانگفورد نے بتایا کہ زخمیوں میں سے چار کو بحری جہاز پر ہی طبی امداد دی گئی جب کہ تین کو فلپائن کے دارالحکومت منیلا کے فوجی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں اب ان کی حالت بہتر بتائی جاتی ہے۔
مارک لانگفورڈ نے بتایا کہ اس حادثے کی تفصیلات کی ابھی تصدیق کی جا رہی ہے جس میں کروڑوں ڈالر مالیت کا جنگی جہاز تباہ ہو گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ‘سمندر میں گرنے والے جہاز کو نکالنے کے لیے ابھی کام جاری ہے اور معاملے کی انکوائری ہو رہی ہے۔