پشاور کے علاقے گنج، محلہ کوٹلہ محسن خان کے ایک گھر میں گیس بھر جانے سے دھماکا ہوا ہے جس کے نتیجے میں ایک نوجوان جاں بحق ،جبکہ بچوں سمیت 4 افراد زخمی ہوگئے۔
ذرائع کے مطابق افسوسناک واقعے میں مکان کی چھت دھماکے کے بعد مکینوں پر آگری۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق جاں بحق شخص کی لاش اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ مرنےوالا شخص گھر کا سربراہ تھا جبکہ ان کی اہلیہ اور بچے زخمی ہوئے۔
پشاورپولیس کا کہنا ہے کہ رات میں گیس کی فراہمی بند ہونے سے جلتا چولہا بند ہو گیا تھا اور گیس کی فراہمی بحال ہونے پر گھر میں گیس بھر گئی۔
پولیس نے یہ بھی بتایا ہے کہ صبح چولہا جلاتے وقت دھماکا ہوا اور گھر میں بھری ہوئی گیس نے آگ پکڑ لی۔ واقعے میں مکان کی چھت دھماکے کے بعد مکینوں پر آگری۔