ہنگو/ کرک: ہنگو کی تحصیل ٹل کے علاقے ادم بانڈہ میں مول گیس کمپنی کی آئل فیلڈ پر بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب رات 2 بجے دہشت گردوں نے بھاری ہتھیاروں سے حملہ کردیا‘ حملے میں ایک سکیورٹی گارڈ جاں بحق ہوگیا جبکہ دہشت گردوں نے سپروائزر کو اغوا کرلیا۔
مغوی کی تلاش کیلئے سرچ آپریشن جمعرات کے روز رات گئے تک جاری رہا‘ مقتول اور مغوی دونوں کا تعلق کرک سے تھا‘ واقعہ کے خلاف گرگری کے عمائدین اورعوام نے جمعرات کے دن شدید احتجاج کیا اور لاش سڑک پر رکھ کر انڈس ہائی وے کو ٹریفک کیلئے بلاک کردیا۔
تفصیلات کے مطابق جمعرات کی رات 2 بجے نامعلوم دہشت گردوں نے تحصیل ٹل کے علاقہ ادم بانڈہ میں مول گیس کمپنی کے گیس کنواں پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں چوکیدار قابل بادشاہ جاں بحق ہو گیادہشت گرد ایک سکیورٹی گارڈ صوبیدار عصمت اللہ ولد محمد شریف سکنہ گرگری کو اپنے ساتھ لے گئے‘فائرنگ سے کنٹینر اور سولر سسٹم کے شیشے بھی ٹوٹ گئے ہیں۔پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق گذشتہ شب ضلع ہنگوکی حدود علاقہ میانجی خیل میں واقع مول کمپنی کے آئل فیلڈفائیو پرنامعلوم مسلح افراد نے حملہ کیا حملے کے دوران فائرنگ سے آئل فیلڈکی سیکورٹی پر تعینات ایک سیکورٹی اہلکارقابل بادشاہ شدید زخمی ہوا اور بعد ازاں جاں بحق ہو گیا جبکہ ایک سپروائزرعصمت اللہ خان کو نامعلوم مسلح افرا د نے اغواء کرلیا۔
اس ضمن میں گرگری کے عمائدین علاقہ نے شہیدسیکورٹی اہلکارکی لاش کو گرگری ہی میں واقع گیس پلانٹ کے گیٹ کے سامنے رکھ کر احتجاج کیا مظاہرین حکومت سے واقعے کا نوٹس لے کر مغوی کو فوری طورپربازیاب کرانیکامطالبہ کرچکے ہیں معاملے کے حوالے سے جب محکمہ پولیس کے ضلعی ذمہ داران کیساتھ رابطہ کیاگیا تواُن کاکہناتھاکہ مغوی کی بازیابی کیلئے قریبی پہاڑوں میں آپریشن جاری ہے لیکن تاحال مغوی بازیاب نہیں ہوسکاہے۔
واضح رہے کہ وزیراعلیٰ خیبرپختون خوا محمودخان واقعہ کا نوٹس لے چکے ہے،دریں اثناء گرگری کے مقام پر محمد داؤد، حاجی خیال نواز اورمولانا نوید کی سربراہی میں ہونے والے احتجاج کے دوران سینکڑوں مظاہرین نے مغوی سیکورٹی اہلکار کی عدم بازیابی پر مشتعل ہو کر انڈس ہائی وے بند کرنے کا اعلان کیا اور جمعرات کی شام لاش رنگین آباد کڑپہ لاکر مظاہرین نے انڈس ہائی وے کوٹریفک کیلئے بند کردیا۔
احتجاج میں سابق ایم این اے مولانا شاہ عبد العزیز سمیت بانڈہ داؤد شاہ کے دیگر سیاسی مشران و عوام بھی شریک ہوئے آخری اطلاعات تک پولیس نے مغوی شخص کو بازیاب نہیں کرایا جبکہ رنگین آباد چوک کے مقام پر احتجاج بھی رات گئے تک جاری تھا۔