بلوچستان میں دھماکا، سرفراز بگٹی کے کزن سمیت 3 افراد جاں بحق

کوئٹہ: ڈیرہ بگٹی کی تحصیل سوئی کے علاقے مٹ موندرانی سولر بور کے قریب بارودی سرنگ کے دھماکے میں 3 افراد ہلاک ہوگئے۔ لیویز کے مطابق بارودی سرنگ کے دھماکے سے تین افراد جاں بحق اور لیویز اہلکار سمیت 10 سے زائد زخمی ہوئے۔ جاں بحق افراد میں سینیٹر سرفراز بگٹی کے کزن بھی شامل ہیں۔

سیکورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور زخمیوں کو پبلک ویلفیئر ہسپتال سوئی منتقل کردیا گیا۔ وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے بم دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے امن فورس کے رضا کاروں کی شہادت پر دلی رنج و غم کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کو کیفر کردار تک پہنچانے میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائیگی،امن کے دشمنوں نے ایک مرتبہ پھر دہشت گردی کی بزدلانہ کارروائی کی۔