خائف ہونے والی نہیں، میراسارا ریکارڈ شفاف ہے۔ حریم شاہ

منی لانڈرنگ کیس میں ملوث ٹک ٹاکر حریم شاہ کا کہنا ہے ایف آئی اے کو کیا حق ہے کہ میری ذاتی دستاویزات میڈیا کو دے،جبکہ اداروں کا کام ہماری حفاظت کرنا ہے نا کہ تنگ کرنا۔

ٹک ٹاکر حریم شاہ نے نجی چینل کو لندن میں انٹرویو دیتے ہوئے کہا ہے کہ مجھے اپنے اکاؤنٹس منجمد ہونے سے متعلق خبروں کا میڈیا کے ذریعے پتہ چلا۔ ایف آئی اے کو کیا حق ہے کہ میرے ذاتی دستاویزات میڈیا کو دے۔

حریم شاہ نے کہا منی لانڈرنگ سے متعلق ویڈیو مذاق میں بنائی تھی، غلطی تسلیم کرتی ہوں۔ اگر میرے اکاؤنٹس منجمد کرنے ہیں تو ثبوت بھی دینے ہوں گے۔ پاکستان جاکر ہر ادارے کے ساتھ تعاون کرنے کے لیے تیار ہوں۔

حریم شاہ نے مزید کہا کہ میں خطروں کی کھلاڑی ہوں، خائف ہونے والی نہیں ہوں، میری تمام آمدنی قانونی اور میراسارا ریکارڈ شفاف ہے۔ اداروں کا کام ہماری حفاظت کرنا ہے نا کہ تنگ کرنا۔

واضح رہے کہ حریم شاہ کے پاکستان میں دو بینک اکاؤنٹس ہیں اور دونوں ان کے اصل نام فضا حسین کے نام سے بنائے گئے ہیں۔ ایف آئی اے نے چند روز قبل حریم شاہ کے بینک اکاؤنٹس منجمد کرنے لیے دونوں بینکوں کے ہیڈ کمپلائز کو خط لکھے تھے۔