اوٹاوا: کینیڈین وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے اپنے ملک کو مسلمانوں کے لیے محفوظ ترین ملک بنانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اسلامو فوبیا کسی بھی قیمت پر قابل قبول نہیں ہے۔
ان خیالات کا اظہار کینیڈین وزیر اعظم نے سماجی رابطے کی مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسلاموفوبیا ناقابل یقین ہے، ہمیں اس نفرت کو ختم کرنے اور کینیڈا میں رہنے والے مسلمانوں کے لیے اپنی کمیونٹی کو محفوظ بنانے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس اقدام کے تحت ہم اسلامو فوبیا سے نمٹنے کے لیے ہم ایک خصوصی نمائندہ مقرر کریں گے۔
رپورٹ کے مطابق کینیڈین حکومت کی جانب سے ایک بیان جاری کیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ کینیڈا کے ہاؤسنگ کے وزیر احمد حسین نے وفاقی حکومت کی توجہ اسلامو فوبیا سے نمٹنے کے لیے خصوصی نمائندہ تقرر کرنے کی جانب مبذول کروائی تھی۔
رپورٹ کے مطابق احمد حسین نے وفاقی حکومت سے کہا تھا کہ یہ تقرری کینیڈین حکومت کی نسل پرستی کے خلاف نئی حکمت عملی کا حصہ ہوگی۔