ابو ظہبی:اسرئیل کے صدر آئزک ہیرزوگ اپنے پہلے سرکاری دورے پر متحدہ عرب امارات(یو اے ای) پہنچ گئے ہیں اور ان کے ہمراہ خاتون اول مشل ہیرزوگ بھی موجود ہیں۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے خلیج ٹائمز کے مطابق صدارتی پرواز کے ذریعے ان کی ابوظبی آمد پر متحدہ عرب امارات کے امور خارجہ اور عالمی تعاون کے وزیر شیخ عبداللہ بن زید النہیان نے ان کا ایئر پورٹ پر استقبال کیا۔
دوران پرواز بات کرتے ہوئے اسرائیلی صدر کا کہنا تھا کہ کوئی شک نہیں کہ یہ بہت متاثر کن لمحہ ہے۔متحدہ عرب امارات آمد پر اسرئیلی صدر اور خاتون اول کا شاندار استقبال کیا گیا جس کے بعد صدر آئزک ہیرزوگ نے شیخ عبداللہ سے سفارتی سطح کی ملاقاتی کی۔
شیخ عبداللہ بن زید نے 2020 میں وائٹ ہاؤس میں دونوں ملکوں کے درمیان طے پانے والے ابراہام معاہدے معاہدے کے دوران متحدہ عرب امارات کے وفد کی قیادت کی تھی۔
صدر آئزک ہیرزوگ نے متحدہ عرب امارات کی تیزی سے ترقی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ میں متحدہ عرب امارات میں اسرائیل کے صدر کی حیثیت سے پہلے دورے پر آرہا ہوں۔
متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ کی جانب سے ابوظبی میں پرتپاک استقبال سے ہمیں خوشی ہوئی اور ہم بہت متاثر ہوئے ہیں۔
دورے سے متعلق اسرائیلی صدارتی دفتر کا کہنا تھا کہ اسرائیلی صدر آئزک ہیرزوگ اپنی نوعیت کے پہلے دورے پر گلف ریاستوں کے ساتھ تعلقات کو بہتر کرنے کے لیے متحدہ عرب امارات گئے ہیں۔
اسرائیلی صدر ایک ایسے وقت میں متحدہ عرب امارات کا دورہ کررہے ہیں جبکہ خطے میں بہت زیادہ کشیدگی ہے اور عالمی طاقتیں ایران کے جوہری معہدے کو بحال کرنے کی کوششیں کر رہی ہیں۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق اسرائیلی صدر ا?ئزک ہیرزوگ کا کہنا تھا کہ میں ولی عہد شیخ محمد بن زید کی ذاتی دعوت پر متحدہ عرب امارات کی قیادت سے ملاقات کروں گا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اسرائیل کے ساتھ امن معاہدہ کرنے پر میں امارات کی بے باک قیادت کی جرات کو سلام پیش کرتا ہوں اور اور یہ پیغام دینا چاہتا ہوں کہ اس خطے کے عوام کے لیے امن ہی بہترین متبادل ہے۔
واضح رہے کہ ہیرزوگ امارات کا دورہ کرنے والے پہلے اسرائیلی صدر ہیں اور ان سے پہلے اسرائیلی وزیراعظم نفتالی بینیٹ نے بھی دسمبر میں یو اے ای کا دورہ کیا تھا۔
اسرائیل نے متحدہ عرب امارات کے ساتھ ساتھ بحرین کے ساتھ تعلقات کی بحالی کے لیے 2020 میں وائٹ ہاؤس میں معاہدوں پر دستخط کیے تھے، اس معاہدے کو "ابراہام ایکارڈ" کا نام دیا گیا تھا۔
دونوں خلیجی ممالک اور اسرائیل خطے میں ایران اور اس کی اتحادی افواج و ملیشیا کے بارے میں یکساں تحفظات رکھتے ہیں۔