ڈیرہ اللہ یار میں بم دھماکہ، 2پولیس اہلکاروں سمیت 17افراد زخمی

جعفرآباد:ڈیرہ اللہ یار کے مصروف ترین صحبت پور چوک پر بم دھماکے میں ٹریفک پولیس کے دو اہلکاروں سمیت 17افراد زخمی ہوگئے۔پانچ زخمیوں کو تشویشناک حالت میں لاڑکانہ منتقل کر دیا گیا۔

 اتوار کے سہ پہر نامعلوم ملزمان نے صحبت پور چوک پر دھماکا کر دیا جسکے نتیجے میں ڈیوٹی پر مامور ٹریفک پولیس کے دو اہلکار منیر علی اور انور علی سمیت 17افراد زخمی ہوگئے۔

 زخمیوں میں کنڈوگونگا ولد حاجی پیچوہا،حیدر ولد راجہ خان گولہ،عبدالرشید ولد محمد عثمان انڑ، حبیب اللہ ولد محمد حیات گولہ، مجن علی ولد محمد عباس میربحر، عبدالرسول ولد محمد رمضان پیچوہا، محمد علی ولد دلمراد کھوسہ، اللہ ڈنہ ولد سومر خان چھلگری، وزیر خان ولد پیر بخش بگٹی،محمد سرور ولد محبوب علی رند،رحمت اللہ ولد غلام رسول میربحر،منیر علی ولد وزیر علی ٹریفک اہلکار، انور علی ولد عبدالحق،فرہاد علی ولد محبوب رند،محمد سلیم ولد محمد سلیمان میر بحر، سلیم ولد غلام حسین سومرو، شمن علی ولد منیر احمد سومرو شامل ہیں۔

 دھماکے کی فوری اطلاع پر تھانہ ڈیرہ اللہ یار کے ایس ایچ او عبدالروف جمالی اور سی آئی اے کے طارق بہرانی نفری کے ہمراہ جائے وقوع پر پہنچ گئے اور زخمیوں کو پولیس موبائل و دیگر گاڑیوں کے ذریعے فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال پہنچایا گیا ہسپتال میں ایمرجنسی نافذ کرکے زخمیوں کو طبی امداد دی گئی۔

 دوران علاج ٹریفک اہلکاروں سمیت پانچ افراد کی حالت تشویشناک ہونے کے باعث انہیں ایمبولینس پر لاڑکانہ چانڈکا ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

ڈیرہ اللہ یار میں دھماکے کی اطلاع پر ایس ایس پی صحبت پور میر حسین احمد لہڑی جائے وقوع پر پہنچے اور دھماکے کی جگہ کو سیل کر کے شواہد اکھٹے کیے گئے پولیس کے مطابق دھماکا ہینڈ گرنیڈ بم سے کیا گیا اور ملزمان کا ہدف ٹریفک پولیس کے اہلکار تھے دھماکے بعد پولیس نے علاقے کی ناکہ بندی کرکے چیکنگ کا سلسلہ شروع کر دیا ہے۔