پشاور:اسلامیہ کالج یونیورسٹی میں طلباء تنظیموں کے مابین تصادم کے نتیجہ میں درجنوں طلبہ آپس میں گتھم گتھا ہوگئے۔
مشتعل طلبا نے یونیورسٹی میں اندھا دھند فائرنگ بھی کی اور شدید ہنگامہ آرائی کی ہاتھا پائی کے نتیجے میں متعدد طلبا معمولی زخمی بھی ہوئے جبکہ مشتعل طلبا نے واقعہ کیخلاف احتجاجاً روڈ بلاک کردیا۔
واقعہ کی اطلاع ملنے پر پولیس بھی موقع پر پہنچ گئی اور لاٹھی چارج و آنسو گیس شیلنگ کے ذریعے مظاہرین کو منتشرکردیا۔
پولیس کے مطابق گزشتہ روز اسلامیہ کالج یونیورسٹی میں خلیل سٹوڈنٹس کی جانب دو روزہ فیسٹیول منعقد کیا گیا جس میں میوزک کے تنازعہ پر اسلامی جمعیت طلباء کے کیساتھ جھڑپ ہوئی اوردونوں تنظیموں کے درجنوں طلبا آپس میں گتھم گتھا ہوگئے۔
اس دوران مشتعل طلبا کی جانب سے ہوائی فائرنگ بھی کی گئی جھگڑے کے دوران چند طلبا معمولی زخمی بھی ہوئے مشتعل طلبا نے احتجاجاً یونیورسٹی روڈ بھی بلاک کردیا تاہم بعد ازاں مقامی پولیس نے موقع پر پہنچ کر روڈ کو ٹریفک کیلئے کھول دیا۔