شام ، امریکی حملوں میں خواتین اور بچوں سمیت 13افراد ہلاک

دمشق:شام کے شمال مغربی صوبے ادلب میں طلوع آفتاب سے قبل امریکہ کی ایک کارروائی میں مجموعی طور پر 13 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

جنگ پر نظر رکھنے والی شامی آبزویٹری برائے انسانی حقوق نے جمعرات کے روز بتایا کہ باغیوں کے زیرقبضہ صوبے میں جنگی طیاروں کے فضائی حملوں اور فورسز کے ایئرڈراپ کے ذریعے کی جانیوالی امریکی کارروائی میں مرنیوالے افراد میں 4 بچے اور 3 خواتین بھی شامل ہیں۔

برطانیہ میں قائم نگران ادارے نے بتایا کہ فوجی کارروائی ادلب کے دیہی علاقے کے قصبے اتمے کے نزدیک کی گئی جو ترکی کی سرحد کے بالکل مشرق میں واقع ہے۔

آبزرویٹری نے بتایا کہ امریکی کارروائی کے دوران ایئر ڈراپ کے بعد امریکی فورسز کا باغیوں سے سامنا ہونے پر لڑائی ہوئی، مزید بتایا کہ کارروائی اور جھڑپیں 3 گھنٹے تک جاری رہیں۔

آبزرویٹری نے بتایا کہ کارروائی کے دوران امریکہ کی زیرقیادت فضائی حملوں میں علاقے کو 5 مرتبہ نشانہ بنایا گیا، یہ بھی بتایا گیا کہ حملوں کا ہدف واضح نہیں تھا قیاس آرائی کی جا رہی ہے کہ حملوں میں باغی رہنماں کو نشانہ بنایا گیا۔ مقتولین کی شناخت تاحال معلوم نہیں ہو سکی ہے۔

شام میں سرکاری خبر رساں اداروں کی طرف سے اس کارروائی کے بارے میں فوری طور پر کوئی تبصرہ یا رپورٹ سامنے نہیں آئی ہے۔