پشاور: پشاور کے علاقے شاہین مسلم ٹاؤن سدا بہار کالونی میں ماں کو بجلی کرنٹ سے بچانے کی کوشش کرنیوالا جوانسال بیٹا ممتا سمیت جا ں بحق ہوگیا۔
ترجمان ریسکیو 1122 بلال احمد فیضی کے مطابق گزشتہ روز شاہین مسلم ٹاؤن سدا بہار کالونی میں 50 سالہ سمینہ بی بی زوجہ شکیل خان گھر کی چھت پر کپڑے دھو رہی تھی کہ اس دوران چادر دیوار پر ڈالتے ہی 11ہزار ہائی ٹرانسیمشن لائن سے ٹکرا گئی جس کے باعث اسے کرنٹ لگا چیخ و پکار سن کر جوانسال بیٹا فہد ماں کو بچانے کیلئے آیا تو وہ بھی کرنٹ کی زد میں آگیاجس کی وجہ سے دونوں ماں بیٹا کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہوگئے۔
اطلاع ملتے ہی ریسکیو کی امدادی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں لیکن ڈاکٹروں نے دونوں کو مردہ قراردیا ادھر ماں بیٹے کی ہلاکت کی خبر جنگل میں آگ کی طرح پھیل گئی اور بڑی تعداد میں لوگ موقع پر پہنچ گئی بعدازاں ماں بیٹے کے جنازے اٹھنے پر کہرام مچ گیا اور لواحقین دھاڑیں مار مار کر روتے رہے۔