نوشہرہ میں شرپسندوں کی فائرنگ سے اے ایس آئی سمیت 2اہلکار شہید

نوشہرہ:جلوزئی میں پولیس ناکے پر نامعلوم شرپسندوں کی فائرنگ سے اے ایس آئی سمیت 2 پولیس اہلکار شہیدجبکہ ایک شدید زخمی ہوگیا۔

تھانہ جلوزئی پولیس کے اے ایس آئی فیاض نے پولیس اہلکاروں سجاد اور استغفراللہ کے ہمراہ ارنڈو خوڑ پر ناکہ بندی کر رکھی تھی کہ اس دوران نامعلوم شرپسندوں نے پولیس پارٹی کو دیکھتے ہی فائرنگ شروع کردی جس سے اے ایس آئی فیاض موقع پر شہید جبکہ دو کانسٹیبل سجاد اور استغفراللہ شدید زخمی ہوگئے.

زخمیوں کو ہسپتال لے جایا گیا جہاں ایک زخمی کانسٹیبل سجاد بھی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہوگیا۔ 

واقعہ کے بعد اعلیٰ پولیس حکام اور بھاری پولیس نفری موقع پر پہنچ گئی اور پورے علاقے کو گھیرے میں لے لیا، جائے وقوعہ پشاور کے علاقہ ارمڑ سے متصل علاقہ ہے اور رات گئے تک پشاور اور نوشہرہ پولیس کا مشترکہ آپریشن جاری رہا۔ جلوزئی پولیس نے ایف آئی آر درج کرکے تحقیقات شروع کردی۔

دریں اثناء وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے نوشہرہ کے علاقہ جلوزئی میں پولیس موبائل پر فائرنگ کی مذمت کرتے ہوئے واقعے میں دو پولیس اہلکاروں کی شہادت پر تعزیت کی ہے۔

 وزیر اعلیٰ نے شہداء کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے شہداء کے درجات کی بلندی اور پسماندگان کے لئے صبر جمیل کی دعا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے واقعے میں زخمی ایک پولیس اہلکار کی جلد صحت یابی کے لئے بھی نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔