طالبان کا ٹاپ اسنائپر میئر بن گیا

 

اسلام آباد: افغانستان کے صوبہ فریاب کے  علاقے میمنہ میں طالبان کے مشہور اسنائپر اور 25 سالہ نوجوان ملا محب اللہ موافق  میئر بن گئے۔

 غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ملا محب اللہ موافق افغانستان میں طالبان کا کنٹرول سنبھالنے سے پہلے تک طالبان کی صفوں میں مقبولیت رکھنے والے سرفہرست اسنائپرز میں شامل تھے، بعد ازاں (نومبر میں)انہیں میمنہ کا میئر بنا دیا گیا تھا۔

 ملا محب اللہ موافق ایک جنگجو کے طور پر مشہور تھے تاہم اب ان کی ذمہ داریوں  میں سیوریج سسٹم کو کھولنا، سڑکوں کی منصوبہ بندی کرنا اور محلے داروں کے جھگڑے سلجھانا جیسے فرائض شامل ہیں۔ 

افغان میڈیا کے مطابق ملا محب اللہ موافق  کا تبدیل ہونا طالبان کی وسیع تر تبدیلی کی عکاسی کرتا ہے، نئے میئر میمنہ کی سڑکوں پر چلتے ہوئے سڑک کنارے گٹر صاف کرنے والے میونسپل کارکنوں سے بات چیت کرتے ہیں اور لوگوں کے مسائل بھی سنتے ہیں۔

 محب اللہ موافق نے فرانسیسی خبر رساں ایجنسی کو بتایا کہ جب میں لڑ رہا تھا تو میرے مقاصد بہت مخصوص تھے جیسے غیر ملکی قبضے، امتیازی سلوک اور ناانصافی کو ختم کرنا لیکن اب میرے اہداف بھی واضح ہیں کہ بدعنوانی کے خلاف لڑنا اور ملک کو خوشحال بنانا۔