حوثی حملے، امریکی ایف 22لڑاکا طیارے امارات پہنچ گئے 

واشنگٹن:یمن میں ایرانی حمایت یافتہ حوثیوں کے متحدہ عرب امارات (یو اے ای)میں حالیہ غیر معمولی حملوں کے بعد امریکی ایف 22 لڑاکا طیارے خلیجی ملک کے فوجی ہوائی اڈے پہنچ گئے۔

برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق یہ بات امریکی فضائیہ نے بتائی۔

امریکی فضائیہ کے بیان میں کہا گیا کہ جدید ترین جیٹ طیارے گذشتہ ماہ جنوری کے دوران میزبان ملک میں تعینات امریکی اور اماراتی مسلح افواج کے خلاف سلسلہ وار حملوں کے بعد یو اے ای کے لیے امریکی حمایت کے کثیر جہتی مظاہرے کے طور پر، خلیجی ریاست کے فوجی ہوائی اڈے پر پہنچے۔

یونائیٹڈ سٹیٹس ایئر فورس سینٹرل کے ایک بیان میں کہا گیا کہ امریکی وزیر دفاع نے ابوظبی کے ولی عہد شہزادہ محمد بن زید آل نہیان کے ساتھ مذاکرات کے بعد ففتھ جنریشن کے ان طیاروں کی تیزی سے تعیناتی کا حکم دیا۔


بیان کے مطابق یہ تعیناتی پورے خطے میں پہلے سے موجود اتحادیوں اور شراکت داروں کی مشترکہ جنگی فضائی طاقت کی صلاحیتوں کو بڑھا دے گی۔

امریکی فضائیہ نے کہا کہ ایئرمین اور ایف 22 طیارے ورجینیا کے جوائنٹ بیس کے فرسٹ فائٹر ونگ سے تعینات کیے گئے۔