بل گیٹس کو ہلال پاکستان ایوارڈ سے نواز دیا گیا

 اسلام آباد:حکومت پاکستان کی جانب سے بل گیٹس کو ان کی خدمات پر ہلال پاکستان ایوارڈ سے نواز دیا گیا۔اس حوالے ایوان صدر میں ان کے اعزاز میں تقریب منعقد ہوئی جس میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے انہیں اس ایوارڈ سے نوازا۔

تفصیلات کے مطابق مائیکرو سوفٹ کے بانی بِل گیٹس ایک روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے، وہ پہلی بار پاکستان آئے ہیں، اسلام آباد میں انہوں نے انسدادپولیو پروگرام کا دورہ کیا۔

انہیں انسداد پولیو پروگرام کے سربراہ ڈاکٹر شہزاد بیگ نے بریفنگ دی اور کورونا سمیت  پولیوکی روک تھام سے متعلق اقدامات سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر معاون خصوصی براے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان بھی موجود رہے۔
ذرائع کے مطابق بل گیٹس نے پولیو سے متعلق اقدامات کو سراہا اور کہا کہ پاکستان نے پولیو کے خاتمے کے لیے اقدامات کیے ہیں۔

ذرائع کے مطابق بل گیٹس نے پاکستان کے پولیو ورکرز، ہیلتھ ورکرز اور والدین کے تعاون کو بھی سراہا۔اور کہا کہ پولیو ورکرز اور والدین کے تعاون کے باعث پاکستان ایک سال سے پولیو فری ہے، پاکستان کے ساتھ پولیو پروگرام میں تعاون جاری رکھا جائے گا۔

بعد ازاں وزیراعظم عمران خان اور بل گیٹس کے درمیان ملاقات ہوئی جس میں پولیو کے خاتمہ اور دوسرے اہم موضوعات پر بات چیت ہوئی۔

وزیراعظم کی جانب سے بل گیٹس کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیا گیا جس میں وفاقی وزرا اور دیگر حکام نے بھی شرکت کی۔

 بل گیٹس نے پولیو سے متعلق اقدامات کو سراہتے ہوئے پاکستان کے ساتھ پولیو پروگرام میں تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار بھی کیا۔