دمشق: اسرائیل نے شام کے دارالحکومت میں فوج کے اڈے پر راکٹ حملے کیے ہیں۔
شام کے سرکاری میڈیا صنعا کے مطابق اسرائیل نے شام کے دارالحکومت دمشق کے جنوبی حصے میں موجود فوجی اڈے کو نشانہ بنایا۔
رواں ماہ اسرائیل کی جانب سے یہ دوسرا حملہ ہے۔ اس سے قبل 9 فروری کو اسرائیل نے شام میں اینٹی ایئرکرافٹ بیٹریز کو نشانہ بنایا تھا۔
صنعا نے فوجی بیان کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ اسرائیل نے گولان پہاڑیوں سے زکیہ نامی علاقے میں موجود فوجی اڈے پر متعدد میزائل داغے۔
فوج کا یہ بھی کہنا ہے کہ حملے میں کوئی ہلاکت نہیں ہوئی ہے تاہم مادی نقصانات کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
واضح رہے کہ شام میں 2011 میں خانہ جنگی کا آغاز ہوا تھا جس کے بعد سے اب تک اسرائیل سینکڑوں فضائی حملے کرچکا ہے جس میں حکومتی عہدیداروں کو بھی نشانہ بنایا گیا ہے۔
اسرائیل کا موقف ہے کہ وہ شام میں ایران حمایت یافتہ فورسز کی موجودگی برداشت نہیں کرے گا اور ان کا قلع قمع کرنے کیلئے ہر ممکن اقدامات کرے گا۔