وفا قی ٹیکس محتسب سیکر ٹر یٹ کی کا رکر دگی

وفاقی ٹیکس محتسب کا ادارہ سال2000ء میں قائم کیا گیا۔ان بائیس برسوں کے دوران میں اس ادارہ نے بلاشبہ لاکھوں پاکستانیوں کو مفت انصاف فراہم کیا ہے۔ وفاقی ٹیکس محتسب کے فیصلوں کے خلاف اپیل صرف صدر پاکستان کو کی جاسکتی ہے، قارئین یہ جان کر حیران ہونگے کہ محتسب کے فیصلوں کے خلاف صدر پاکستان کے پاس اپیل کا تناسب ایک فیصد سے بھی کم رہا اور جن فیصلوں میں صدر پاکستان کو اپیل کی گئی ان میں بھی 95 فیصد کیسوں میں صدر پاکستان نے محتسب کے فیصلوں کو بحال رکھا۔وفاقی ٹیکس محتسب ڈاکٹر آصف محمود جاہ نے کہا ہے انہوں نے وفاقی محتسب کا عہدہ سنبھالنے کے4ماہ میں 1200ٹیکس کیسوں میں لوگوں کو انصاف مہیا کیا ہے۔وفاقی ٹیکس محتسب کے ادارے کے قیام کا بنیادی مقصد کم سے کم وقت میں لوگوں کا انصاف  مہیا کرنا اور ٹیکس کلچر کو فروغ دینا ہے کیونکہ ٹیکس نظام میں آسانیاں پیدا کرکے ہی محصولات کی وصولیوں کے اہداف پورے کئے جاسکتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اس وقت اب تک وفاقی ٹیکس محتسب کا ادارہ 4ہزار سائلین کو سالانہ انصاف مہیا کر رہا ہے اسی لئے مقدمات کبھی زیرالتواء نہیں رہتے انہوں نے بتایاکہ مسائل 5گھنٹوں میں بھی حل کرائے ہیں۔وفاقی ٹیکس محتسب کا مرکزی دفتر اسلام آباد میں ہے جبکہ عوام الناس کی سہولت کیلئے ملک بھر میں 7 علاقائی دفاتر کوئٹہ، پشاور، لاہور، کراچی،ملتان، گوجرانوالہ اور فیصل آباد میں کام کر رہے ہیں۔ وفاقی ٹیکس محتسب کو سپریم کورٹ کے جج کے برابر اختیارات حاصل ہیں،وہ وفاقی حکومت کے کسی بھی ادارے بارے شکایات سن سکتے ہیں اور ازخود نوٹس بھی لے سکتے ہیں۔اس بات کو یقینی بنایاجاتا ہے کہ سفارشات 45دن کے اندر نافذ کی جائیں بشرطیکہ وہ محتسب صاحب اور صدر صاحب کے پاس دوبارہ جائزے کے لئے زیر سماعت نہ ہوں جبکہ وفاقی ٹیکس محتسب نے گزشتہ سالوں کے دوران ہزاروں شکایت کنندگان کی شکایات پر نہ صرف0 6دن کے اندر اندر فیصلے صادر کئے بلکہ ان پر عمل درآمد کو یقینی بنایا۔قانون کے مطابق ازخودنوٹس لیتے ہوئے متعدد فیصلے جاری کئے کوئی بھی شخص موبائل ایپ کے ذریعہ آن لائن یا بذریعہ ڈاک فارم ”A“پر شکایت درج کر سکتا ہے۔ گزشتہ دنوں وفاقی ٹیکس محتسب آفس کی جانب سے گورنر ہاؤس میں عوامی آگاہی سیمینار کا انعقاد کیا گیا تھااس موقع پر وفاقی ٹیکس محتسب ڈاکٹر آصف محمود جاہ نے بتایا کہ ریاست کو چلانے کیلئے ٹیکس کی وصولی بنیادی حیثیت رکھتی ہے۔ عوام میں اپنے قومی فریضے کے طور پر ٹیکس ادا کرنے کیلئے اعتماد پیدا کرنے کیلئے ایک منصفانہ، موثر اور سادہ ٹیکس کا نظام بہت ضروری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ٹیکس دہندگان کی شکایات کو فوری اور بغیر کسی پریشانی کے دور کرنے کے لئے ازالے کا ایک موثر نظام ناگزیر ہے۔گزشتہ21 سالوں میں فیڈرل ٹیکس محتسب(ایف ٹی او) کے ادارے نے ہزاروں متاثرین کو ریلیف فراہم کیا ہے۔ ٹیکس دہندگان اور ٹیکس کے نظام میں بہتری لانے کیلئے اہم کردار ادا کیا ہے۔ڈاکٹر آصف محمود جاہ نے ٹیکس دہندگان کو یقین دلایا کہ ان کے مسائل کو حل کرنا اولین ترجیح ہوگی واضح رہے کہ وفاقی ٹیکس محتسب کے ادارے نے ٹیکس دہندگان اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی سہولت کیلئے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ایک سہولت ڈیسک قائم کرکے وزیر اعظم کی ہدایت پر ایک اوراہم اقدام اٹھایا۔ ایف ٹی او فیسیلیٹیشن بوتھ کا افتتاح ایف ٹی او اور کلکٹر کسٹمز، اسلام آباد نے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر منعقدہ ایک تقریب میں کیا گیا۔ فیسیلیٹیشن ڈیسک کے قیام سے مسافر پاکستان کسٹمز کے مختلف دفاتر جانے کے بجائے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے احاطے میں ہی کسٹم/ٹیکس سے متعلق تمام خدمات حاصل کر سکیں گے۔