پٹنہ: بھارت میں ریاست بہار کے وزیر اعلیٰ لالوپرساد یادو کو چارے کے لیے مختص فنڈز میں سے 139 کروڑ روپے کے غبن کے الزام میں 5 سال قید اور 60 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی گئی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق 1990 کے چارہ اسکینڈل کے پانچویں کیس میں اُس وقت کے وزیر اعلیٰ لالو یادو سمیت 39 افراد کو عدالت نے 15 فروری نے مجرم قرار دیکر فیصلہ محفوظ کرلیا گیا تھا تاہم آج 5 سال قید اور 60 لاکھ جرمانے کی سزا سنا دی گئی۔
تین بار ریاست بہار کے وزیراعلیٰ رہنے والے 73 سالہ لالو پرساد اسی اسکینڈل کے مختلف مقدمات میں دسمبر 2017 سے سزا کاٹ رہے ہیں تاہم بیماری کے باعث زیادہ تر عرصہ جھارکھنڈ کے راجندر انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز میں گزارا ور گزشتہ سال جنوری میں انھیں دہلی کے ہسپتال منتقل کیا گیا تھا اور اس کیس کا فیصلہ بھی ہسپتال میں ویڈیو کانفرنس کے ذریعے سُنا۔
سابق وزیر اعلیٰ بہار پر چارہ سکینڈل سے جڑا ایک اور کیس پٹنہ کی سی بی آئی عدالت میں زیر التوا ہے۔ یہ کیس بینک بھاگلپور کے خزانے سے غیر قانونی طور پر رقم نکالنے سے متعلق ہے۔
یاد رہے کہ ریاست بہار میں جانوروں کے چارے کے لیے مختص فنڈز میں سے 950 کروڑ روپے محکمہ حیوانات کے جعلی بل کے ذریعے سرکاری بینکوں سے غبن کیے گئے تھے۔
اس کرپشن میں کئی سرکاری افسران بھی ملوث تھے۔