روسی پارلیمنٹ نے ملک سے باہر فوج تعیناتی کی منظوری دیدی

ماسکو: روسی پارلیمنٹ نے صدر پیوٹن کو ملک سے باہر فوج کی تعیناتی کی اجازت دے دی ہے جبکہ نیٹو کے 100 سے زائد جنگی طیاروں کو ہائی الرٹ کردیا گیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق روسی ایوان بالا نے کہا کہ فوج کو امن کے قیام کے لئے تعینات کیا جانا چاہیے۔

ادھر یوکرینی وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ مغربی ممالک یوکرین کو روس کے خلاف اسلحہ کی ترسیل مزید تیز کریں جبکہ یوکرین نے برطانیہ کو اسلحہ کی فراہمی کے لئے خط بھی لکھا۔

دوسری جانب نیٹو کے سربراہ جینز اسٹولٹنبرگ نے کہا ہے کہ روس اب بھی یوکرین پر حملے کی منصوبہ بندی کررہا ہے، روس 2014 میں ہی یوکرین پر چڑھائی کرچکا تھا، اب یوکرین کو مزیدحملوں کا سامنا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ نیٹو نے 100 سے زائد جنگی طیاروں کو ہائی الرٹ کردیا ہے اور نیٹو یوکرین کی بھرپور حمایت جاری رکھے گا۔

روس اور یوکرین کے درمیان چلنے والی کشیدگی کے اثرات عالمی سطح پر بھی نظر آنے لگے، جنگ کے خدشات کے باعث عالمی منڈی میں تیل کی قیمت 100 ڈالر فی بیرل کے قریب پہنچ گئی۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق روس اور یوکرین کے مابین جنگ کے بڑھتے خطرات نے عالمی معیشت کو بھی متاثر کرنا شروع کردیا ہے، برینٹ کروڈ 4 ڈالر اضافے کے ساتھ 97 ڈالر فی بیرل پر ٹریڈ ہورہا ہے، ٹریڈنگ کے دوران برینٹ خام تیل 99 ڈالر فی بیرل پر پہنچ گیا تھا۔